کوویڈ-19 کے پھیلاوٴ کے سبب، عید کے تہوار سے منسلک مختلف سرگرمیوں میں انفیکشن کے خطرے سے بچنے کے لئے احتیاط کی ضرورت ہے۔ اِن سرگرمیوں میں سفر، بازاروں میں عید کی خریداری، دوستوں اور رشتہ داروں سے میل جول، عید گاہ اور مویشی منڈیوں میں خریداری شامل ہیں۔ احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہ کرنا کوویڈ-19 کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہیں۔
اِس مضمون میں آپ سماجی تقریبات اور مذہبی اجتماعات، جانوروں کی خریداری اور قربانی سمیت عید الاضحیٰ کے مقدس تہوار کو کوویڈ-19 کے دوران محفوظ طریقے سے منانے کے لئے اقدامات اور ہدایات حاصل کرسکتے ہیں۔
اہم احتیاطی تدابیر
کوویڈ-19 انفیکشن کے خطرے سے بچنے کے لئے درج ذیل اقدامات پرعمل کریں:
1. اگر آپ عید منانے کے لئے اپنے آبائی علاقے یا کسی تفریحی مقام پر جانے کا ارادہ کر رہے ہیں تو اِن سرگرمیوں سے آپ اور آپ کے پیاروں کو انفیکشن کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ عید کے موقع پر دوستوں اور رشتہ داروں سے میل جول سے پرہیز کریں یا اسے کم سے کم رکھیں۔
2. باہر جاتے وقت یا لوگو ں سے ملتے وقت کم از کم 1 میٹر کا سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔
3. دوستوں اور رشتہ داروں سے ملتے وقت قریبی رابطے سے گریز کریں، جیسے گلے ملنا یا ہاتھ ملانا۔
4. پرہجوم بازاروں سے پرہیز کریں اور خریداری کو ضروری سامان تک محدود رکھیں یا آن لائن خریداری کریں۔
5. باہر جاتے وقت یا لوگوں سے ملنے سے پہلے اور بعد میں ہاتھ دھوئیں یا الکحل پر مبنی ہینڈ سینیٹائزر استعمال کریں۔
6. وہ لوگ جو بیمار ہیں یا کوویڈ-19 کی کوئی علامت رکھتے ہیں، باہر جانے اور عام میل جول سے گریز کریں۔
7. 60 سال یا اِس سے زیادہ عمر اور پہلے سے محلق بیماریوں (جیسے ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، امراض قلب، پھیپھڑوں کی بیماری، گردوں کی بیماری اور کینسر) سے متاثر افراد اجتماعات میں شرکت نہ کریں۔
نماز عید کے لئے احتیاطی تدابیر
- عید کی نماز کے لئے جانے والے افراد کے لئے حکومتِ پاکستان کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر پر عمل کریں:
- نماز عید کے لئے گھر سے وضو کر کے عید گاہ جائیں۔
- اپنے چہرے اور منہ کو ڈھانپنے کے لئے ہمیشہ چہرے کے ماسک کا استعمال کریں۔
- اپنی جائے نماز گھر سے لے کر آئیں۔
- مساجد میں کوئی قالین یا چٹائیاں استعمال نہ کریں۔
- فرش پر نماز عید کی صورت میں، اِس بات کو یقینی بنائیں کہ نماز سے پہلے اسے جراثیم کش مواد سے دھویا گیا ہو۔
- قریبی رابطے سے گریز کریں، جیسے گلے ملنا یا ہاتھ ملانا عید گاہ میں پانی کے ڈسپینسر اور کولر استعمال نہ کریں۔
- اِس بات کو یقینی بنائیں کہ مسجد/عید گاہ کی کھڑکیاں اور دروازے کھلے رکھے جائیں۔
- بیمار، بوڑھے اور 15 سال سے کم عمر بچوں کو عید گاہ جا کر نماز عید میں شرکت کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔
مویشی خریدتے وقت احتیاطی تدابیر
- جانوروں کی آن لائن خریداری کو ترجیح دیں۔
- بازار جاتے وقت ہمیشہ ماسک پہنیں۔
- دکان دار یا صارف سے کسی بھی طرح کے قریبی رابطے سے گریز کریں۔
- بخار، کھانسی، گلے کی سوزش یا فلو جیسی علامات میں مبتلا افراد مویشی منڈی نہ جائیں۔
- مویشیی منڈی کا دورہ کرنے سے پہلے اور اِس کے بعد اپنے ہاتھوں کو مناسب طریقے سے صاف کریں۔
- مویشی منڈی میں سطحوں کو غیر ضروری طور پر چھونے سے گریز کریں۔
جانوروں کی قربانی کے لئے احتیاطی تدابیر
- عید الاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی قربانی کے دوران مندرجہ ذیل حفاظتی اقدامات کا خیال رکھیں۔
- قربانی کی جگہ عوامی اور رہائشی علاقوں سے دور ہونی چاہئے۔
- قربانی کے مقام پر ہجوم سے گریز کریں۔ صرف چند افراد قربانی کے وقت موجود رہیں۔
- قربانی کے وقت آسانی سے سانس لینے کے لئے کھلی جگہ کا انتخاب کریں۔
- قصائی اور دیگر افراد صفائی اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔
- آنکھوں، ناک یا منہ کو چھونے سے پرہیز کریں، خاص طور پر جب آپ کے ہاتھ صاف نہ ہوں۔
- جانور کو ذبح کرتے یا ہاتھ لگاتے وقت دستانے اور ماسک کا استعمال کریں۔
- اگر ہاتھ دھونے کے لئے صابن اور پانی دستیاب نہیں ہے تو الکحل پر مبنی ہینڈ سینیٹائزر استعمال کریں۔
جانوروں کی قربانی کے بعد صفائی کے لئے ہدایات
- قربانی سے پہلے اور بعد میں سطحوں کو دھوِئیں اور خشک کریں۔
- جہاں ممکن ہو ڈسپوزایبل (یعنی ایک بار استعمال کے لئے بنے) تولیے، رومال اور صفائی کا سامان استعمال کریں۔
- اگر صفائی کی مصنوعات آسانی سے دستیاب نہ ہو تو آپ جراثیم مارنے کے لئے 1 گیلن پانی میں 1 کھانے کا چمچ عام بلیچ ملا کر استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم بلیچ کو کبھی بھی کسی اور صفائی والی مصنوعات کے ساتھ استعمال نہ کریں۔ کیونکہ یہ آپ کے لئے مضرِ صحت ہو سکتا ہے۔ اپنی جلد یا کپڑوں کے ساتھ بلیچ کے رابطے سے گریز کریں، ربڑ کے دستانے، جوتے اور آنکھوں کی حفاظت کے لئے چشمے پہنیں۔ بلیچ کو بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں۔ صفائی کے لئے بلیچ کے استعمال کے بارے میں مزید تفصیلات یہاں دیکھیں۔
مزید تفصیلات کے لئے، کورونا وائرس کے دوران اپنے گھر اور دفتر کو صاف کرنے سے متعلق یہ مضمون پڑھیں۔
صحت تحفظ ہیلپ لائن
کوویڈ-19 سے متعلق اپ ڈیٹس حاصل کرنے کے لئے آپ حکومتِ پاکستان کی صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کر سکتے ہیں اور عید الاضحی سے متعلق ایس او پیز کے بارے میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات یہاں دیکھ سکتے ہیں۔
اپنے سوال بولو کو بھیجیں!
کیا آپ کا عید الاضحیٰ کے دوران کوویڈ-19 سے بچنے کے لئے حفاظتی اقدامات سے متعلق کوئی سوال ہے؟ آپ ہمارے نمائندوں کو ہمارے فیس بک پیج کے ذریعے اپنے سوالات بھیج سکتے ہیں۔ بولو ٹیم پیر سے جمعہ، صبح کے 9 بجے سے لے کر دوپہر 5 بجے تک سوالات کے جواب دیتی ہے۔