پاکستان میں لاکھوں لوگ 2022 کی گرمیوں میں آنے والے سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ صوبہ سندھ اور بلوچستان سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔اس مضمون میں ہم پاکستان میں موجود ہنگامی صورتحال سےنمٹنے والے اداروں اور مختلف خدمات کے حوالے سے معلومات فراہم کریں گے جس سے سیلاب متاثرین مستنفید ہوسکتے ہیں۔
ہنگامی امداد اور بحالی سے متعلق خدمات
1۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی وفاقی حکومت کا ادارہ ہے جو کہ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات میں کمی، انتظام، امداد، بحالی، اور تخفیف پر کام کرتا ہے۔ اگر آپ کو سیلاب کے بعد مدد کی ضرورت ہے تو آپ نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے ہیلپ لائن نمبر 051111157157 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
2۔ الخدمت فاوئنڈیشن
الخدمت فاوئنڈیشن پاکستان بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد فراہم کررہا ہے۔ امدادی کاروائیوں کے دوسرے مرحلے میں میں الخدمت گھر، سکول اور مساجد کی بحالی اور ازسرنو تعمیر کے لیے امداد فراہم کررہا ہے۔ الخدمت سیلاب سے متاثر کسانوں اور کاشتکاروں کو کھاد اور بیچ بھی فراہم کررہا ہے۔ اس کے علاوہ الخدمت صحت اور تعلیم سے متعلق خدمات بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دے رہا ہے۔
آپ الخدمت پاکستان سے ان کی ہیلپ لائن 080044448 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ یا آپ اپنے علاقائی دفتر سے درج ذیل فہرست میں موجود معلومات کے ذریعے سے رابطہ کرسکتے ہیں،
علاقہ | پتہ | رابطہ نمبر | ای-میل |
وسطی پنجاب | الخدمت فاؤنڈیشن، 711، بلاک J-2 جوہر ٹاؤن، لاہور، وسطی پنجاب، پاکستان | 04235454320-22 | punjab@alkhidmat.org |
جنوبی پنجاب | الخدمت فاؤنڈیشن، 85-A گلگشت کالونی، ملتان، جنوبی پنجاب، پاکستان | 0616510088 | akfsouthpunjab@gmail.com |
شمالی پنجاب | الخدمت فاؤنڈیشن، 427، گلی نمبر 14، مریڑ چوک، مری روڈ، راولپنڈی، شمالی پنجاب، پاکستان | 0515765605-6 |
north.punjab@alkhidmat.org |
بلوچستان | بنگلو نمبر 10-9/59-H مین ارباب کرم خان روڈ، نزد فاروق ملز، کوئٹہ |
0812453967 | quettaregion@alkhidmat.org |
کراچی | الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کراچی (رجسٹرڈ) 504 قائدین کالونی، نزد اسلامیہ کالج، کراچی | 02134915705-6 | info@alkhidmat.com |
سندہ | الخدمت فاؤنڈیشن سندھ اسٹریٹ نمبر 3، قبا آڈیٹوریم، بلاک 13، فیڈرل بی ایریا، کراچی | 02136345131 | sindh@alkhidmat.org |
خیبر پختونخوا | الخدمت ہاؤس، B-39، گلی نمبر 6، سکندر ٹاؤن، جی ٹی روڈ، پشاور | 0912263651-52 | kp@alkhidmat.org |
3۔ اخوت فاونڈیشن پاکستان
اخوت فاونڈیشن سیلاب متاثرین کو گھروں کی تعمیر نو کے لیے 3 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کررہا ہے۔ یہ قرضہ جات درج ذیل علاقوں میں فراہم کیے جارہے ہیں،
صوبہ | ڈسٹرکٹ |
بلوچستان | دکی، گوادر، قلعہ سیف اللہ، لسبیلہ، لورالائی، مستونگ، پشین، کوئٹہ اور سبی |
گلگت بلتستان | دیامر، گھانچے، غذر، گلگت اور نگر |
خیبر پختونخوا | چترال، ڈی آئی خان، چارسدہ، لوئر کوہستان، مردان، نوشہرہ اور سوات |
سندھ | بدین، گھوٹکی، حیدر آباد، جیکب آباد، خیر پور، میرپور خاص، سجاول، سکھر، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، عمر کوٹ اور شکارپور |
پنجاب | ڈی جی خان اور راجن پور |
اخوت فاوئنڈیشن مائیکروفنانس پروگرام کے تحت بلاسود کاروباری اور زرعی قرضے بھی فراہم کرتا ہے۔ اگر آپ کا کاروبار یا فصل سیلاب سے متاثر ہوئی ہے تو آپ اخوت سے قرضہ جات حاصل کرسکتے ہیں۔
اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کرنے لیے اپ اخوت فاوئنڈیشن سے 042111448464 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
صحت سے متعلق امداد
قدرتی آفات خاص کر سیلاب کے بعد مختلف قسم کی وباء کا پھوٹنا عام ہے۔ اگر آپ کے علاقے میں کوئی وباء پھیل گئی ہے تو آپ درج ذیل خدمات کے ذریعے مدد حاصل کرسکتے ہیں،
1۔ صحت تحفظ ہیلپ لائن
اگر سیلاب کی وجہ سے آپ کے بچوں کو پولیوں کے قطرے نہیں پلائے گئے یا ان کے بنیادی حفاظتی ٹیکہ جات کا شیڈول متاثر ہوا ہے تو آپ صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کرکے اس حوالے سے رہنمائی اور مدد حاصل کرسکتے ہیں۔
یا آپ انسداد پولیو پروگرام پاکستان سے 03467776546 سے وٹس-ایپ کے ذریعے سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
2۔ قومی انسداد ایڈز پروگرام
ہیومن ایمینو ڈیفیشنسی وائرس [ایچ-آئی-وی] ایک ایسا وائرس ہے جو کہ متاثرہ فرد کے خون یا جسمانی معائع سے براہ راست رابطے، گندے انجکشن یا آلات جراحی کے استعمال، یا منشیات لگانے کے لیے گندے سرنج کے استعمال سے پھیلتا ہے۔ یہ وائرس حاملہ ماں سے بچے کو حمل یا پیدائش کے وقت بھی منتقل ہوسکتا ہے۔ یا نومولود بچے کو ماں سے دودھ پلانے کے وقت لگ سکتا ہے۔
سیلاب اور قدرتی آفات کے بعد ایچ-آئی-وی کے پھیلاو کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اگر اس بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج نا کیا جائے تو یہ اکیوائرڈ ایمینو ڈیفیشنسی وائرس [ایڈز] میں بھی ڈھل سکتا ہے۔
اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے علاقے میں ایچ-آئی-وی پھیل رہا ہے یا کسی ایچ-آئی-وی کے مریض کو دوائی کی ضرورت ہے تو آپ قومی انسداد ایڈز پروگرام سے مفت علاج اور ادویات سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے رابطہ کرسکتے ہیں۔ قومی انسداد ایڈز پروگرام سے رابطہ آپ 080022209 پر کال کے ذریعے کرسکتے ہیں۔
ذہنی صحت سے متعلق معاونت
پوسٹ ٹرومیٹک اسٹریس ڈس آرڈر جسے پی-ٹی-ایس-ڈی بھی کہا جاتا ہے ایک عام نفسیاتی مسلہ ہے جو کہ کسی بڑے حادثے یا شدید پریشان کن حالات سے گزرنے والے افراد کو ہوتا ہے۔ سیلاب یا قدرتی آفات کے بعد متاثرین کا پی-ٹی-ایس-ڈی سے گزرنا معمول ہے۔ گو کہ خواتین میں پی-ٹی-ایس-ڈی زیادہ عام ہے لیکن کسی بھی عمر یا جنس کا فرد اس سے متاثر ہوسکتا ہے۔ پی-ٹی-ایس-ڈی کی علامات میں خوفناک خواب، رویے میں تناوٰ، لوگوں سے میل جول یا دیگر عادات میں تبدیلی وغیرہ شامل ہے۔
اگر آپ سیلاب سے متاثر ہیں اور آپ یا آپ کے ارگرد کے افراد کسی بھی قسم کے ذہنی تناوٰ کا شکار ہیں تو آپ کو فورا پیشہ ورانہ مدد حاصل کرنی چاہیے۔ اگر آپ کی ماہر نفسیات تک رسائی ممکن نہیں تو آپ درج ذیل ہیلپ لائن پر رابطہ کرسکتے ہیں،
1۔ امنگ ہیلپ لائن
امنگ پاکستان ایک ایسی ہیلپ لائن ہے جو کہ دن کے24 گھنٹے اور ہفتے کے 7 دن نفسیاتی مسائل سے متعلق امداد فراہم کرتی ہے۔ یہ ہیلپ لائن متاثرہ افراد کا ٹیلی فون کے ذریعے ماہر نفسیات سے رابطہ قائم کرتی ہے۔ آپ امنگ سے 03117786264 پر کال کرکے رابطہ کرسکتے ہیں۔
حفاظت سے متعلق معاونت
اگر آپ کو کسی بھی قسم کے خطرے،تشدد یا ہراسگی جیسے کہ ذہنی یا جسمانی تشدد یا جنسی ہراسگی کا سامنا ہے ۔ یا آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے بنیادی انسانی حقوق یا شخصی وقار کو پامال کیا جارہا ہے تو آپ درج ذیل ہیلپ لائن سے معاونت حاصل کرسکتے ہیں۔
1۔ وزات انسانی حقوق
اگر آپ کسی بھی قسم کے تشدد کا شکار ہیں اور آپ کو مفت قانونی معاونت یا امداد کی ضرورت ہے تو آپ وزات انسانی حقوق کی ہیلپ لائن 1099 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
2۔ روزن ہیلپ لائن
روزن پاکستان نوجوانوں، بچوں اور خواتین کو ذہنی اور تولیدی صحت سے متعلق مفت معاونت فراہم کرتا ہے۔ یہ جنسی ہراسگی اور تشدد کی شکار خواتین اور بچوں کو بھی مدد فراہم کرتا ہے۔ آپ روزن کی ہیلپ لائن سے 03041111741 کے ذریعے سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
3۔ لیگل ایڈ سوسائٹی
لیگل ایڈ سوسائٹی سیلاب سے متاثرہ افراد کو ان کے حقوق سے متعلق مفت قانونی معاونت فراہم کررہی ہے۔ اگر آپ کسی بھی قسم کے قانونی مسئلے کا سامنا ہے اور آپ کو قانونی مشاورت کی ضرورت ہے تو آپ لیگل ایڈ سوسائٹی سے 080070806 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
لیگل ایڈ سوسائٹی زیادہ تر کام خواتین اور بچوں کے مسائل پر کام کرتی ہے۔
دیگر خدمات
1۔ نادرا
نیشنیل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی جسے عام فہم میں نادرا کہا جاتا ہے حکومت پاکستان کا ادارہ ہے جو کہ شہریوں کو شناختی دستاویزات، جس میں قومی شناختی کارڈ، ب-فارم، خصوصی شناختی کارڈ وغیرہ شامل ہے، جاری کرتی ہے۔ اگر آپ کا شناختی کارڈ سیلاب میں خراب ہوا ہے یا کھو گیا ہے تو آپ اپنے قریبی نادرا سنٹر سے نیا شناختی کارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔
اپنے قریبی نادرا سنٹر کا پتہ حاصل کرنے کے لیے آپ نادرا کی 'رہبر' ایپ اپنے فون پہ ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔ اپنے اینڈرائڈ فون پر ایپ ڈاون لوڈ کرنے کے لیے آپ یہاں کلک کرسکتے ہیں اور ایپل آئی-فون پر ڈاون لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
آپ نادرا کی ہیلپ لائن پر براہ راست رابطہ درج ذیل نمبر کے ذریعے سے کرسکتے ہیں
- 1777 (موبائل نیٹ ورک – یوفون، جیز، زونگ، ٹیلی نار- سے)
- 051111786100 (لینڈ لائن سے)
2۔ پاکستان بیت المال
پاکستان بیت المال حکومت پاکستان کا ادارہ ہے جس کی ذمہ داریوں میں ضرورت مند افراد اور خاندانوں کی مالی معاونت شامل ہے۔ مالی معاونت کے علاوہ پاکستان بیت المال یتیم خانے، تشدد کی شکار خواتین کے لیے مراکز، چائلڈ لیبر میں جکڑے بچوں کی بحالی اور معذور افراد کو مدد فراہم کرتا ہے۔آپ پاکستان بیت المال سے 080066666 پر براہ راست رابطہ کرکے ان کی خدمات کے حوالے سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں یا آپ اپنے ڈسٹرکٹ میں موجود بیت المال کا رابطہ نمبر بیت المال کی ویب سائٹ سے حاصل کرکے رابطہ کرسکتے ہیں۔
3۔ پاکستان سٹیزن پورٹل
اگر آپ کو اپنے مقامی انتظامیہ کی سیلاب سے متعلق کارگردگی کے حوالے سے شکایت ہے خاص کر اگر آپ کی مقامی انتظامیہ سیلاب کے بعد امداد اور بحالی میں آپ کی معاونت نہیں کررہی تو آپ وزیراعظم پاکستان کے دفتر میں براہ راست شکایت ُپاکستان سٹیرزن پورٹل کے ذریعے سے دائر کرسکتے ہیں۔ آپ شکایت آن لائن سٹیزن پورٹل کی ویب سائٹ پر درجکرسکتے ہیں- یا اپنے اینڈرائڈ فون یا آئی فون پر پاکستان سٹیزن پورٹل ایپ ڈاون کرکے شکایت درج کرسکتے ہیں۔
بولو سے پوچھیں
اگر آپ کو پاکستان میں سرکاری اور غیر سرکاری خدمات کے حوالے سے معلومات چاہیے تو آپ ہمیں ہمارے فیس بک پیج کے ذریعے سے نجی پیغام بھیج سکتے ہیں۔ ہماری ٹیم پیر سے جمعہ صبح 9:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک سوالوں کا جواب دیتی ہے۔